لاہور: (دنیا نیوز) عدالت نے منی لانڈرنگ اور کرپشن سرکل کے مقدمے میں ملوث سابق وفاقی وزیر مونس الہٰی کو اشتہاری قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی سیشن عدالت نے منی لانڈرنگ میں ملوث سابق وفاقی وزیر مونس الہٰی کو ملک سے فرار ہونے کے باعث اشتہاری قرار دیا ہے۔
عدالت کا کہنا ہے کہ مونس الہٰی کیخلاف منی لانڈرنگ کے 2 مقدمے درج ہیں، جس میں سے ایک اربوں روپے غیر قانونی طریقے سے ملک سے باہر لے جانے کا مقدمہ ہے جبکہ دوسرا اینٹی کرپشن سرکل پنجاب میں بھی مونس الہٰی کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
مونس الہٰی سمیت دیگر 3 ملزمان کیخلاف چالان عدالت میں جمع کر دیا گیا، عدالت نے مونس الہٰی کی ٹریول ہسٹری، بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کر لیں۔
عدالت نے مونس الٰہی کا شناختی کارڈ، پاسپورٹ، بینک اکاؤنٹ، تمام جائیداد کے منجمد ہونے کی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، عدالت نے پاسپورٹ، شناختی کارڈ اور رہائش گاہ کا درست ایڈریس بھی طلب کیا ہے۔