لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر طلال چودھری نے کہا ہے کہ قانون سب کیلئے ایک جیسا ہوگا تو صاف شفاف انتخابات ہوں گے، نواز شریف جس دن جہاز پر بیٹھیں گے سمجھیں الیکشن شروع ہو گیا۔
پریس کانفرنس سے خطاب میں ن لیگی رہنما طلال چودھری نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں اتنا بڑا لاڈلا نہیں آیا، فارن فنڈنگ، سونامی ٹری کا معاملہ ہو یا توشہ خانہ کا معاملہ ہو کوئی پوچھ نہیں سکتا، ایک لاڈلے نے انصاف کے نظام کو لنگڑا بنا دیا ہے، جو بھی کیس لگتا ہے اس پر اسٹے لے لیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جھوٹ کے سر پاؤں نہیں ہوتے، سائفر کلاسیفائیڈ دستاویز ہے، اگر کوئی حلف توڑ دے تو اسے پوچھا نہیں جا سکتا، چیئرمین پی ٹی آئی کہہ رہے ہیں اعظم خان دیانتدار ہیں، کچھ دن بعد کہیں گے مجھے سیکرٹری بھی دیانتدار نہیں ملا، جس جس نے چئیرمین پی ٹی آئی پر احسان کیا ہے اسے ہی انہوں نے ڈنگ مارا ہے۔
طلال چودھری کا کہنا تھا کہ اگر سائفر میں کچھ تھا تو اس کے منٹس بھی سامنے آتے، سائفر کہانی بنائی گئی تو اسے کیوں چھپایا گیا، دوسرے ممالک سے اپنی جماعت کے تعلقات کیلئے ڈالرز دے کر فرم کی خدمات لی گئیں، اپنی ذات اور پارٹی کیلئے کمپنیوں کی خدمات لی گئیں، سائفر کے معاملے کے بعد آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی ہونی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن وقت پر ہونا چاہیے، ایسا الیکشن ہو جو پاکستان کو استحکام دے، الیکشن قوانین سب کیلئے ایک جیسے ہونے چاہئیں، ہم الیکشن کیلئے تیار ہیں مگر لاڈلے بنانے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔