اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے با اختیار خواتین پروگرام کا اجرا کر دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آبادی کا نصف سے بھی زیادہ حصہ خواتین ہیں، خواتین ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں، خواتین ملک میں اہم عہدوں پر خدمات انجام دے رہی ہیں، خواتین بچوں کی تعلیم و تربیت اور معاشرے کی تعمیرمیں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ 75 سال گزرنے کے باوجود خواتین کے حقوق کی فراہمی کے لیے خاطرخواہ کام نہیں کیا گیا، قومیں خواتین کے کردار کے بغیر ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتیں، پاکستان کو سب سے بڑا چیلنج معاشی و خوشحالی کا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب نے دو ارب ڈالر سٹیٹ بینک کے اکاؤنٹ میں جمع کرا دیئے ہیں، کب تک ہم قرضے لیتے رہیں گے، یہ ہے وہ چبھتا ہوا سوال جو مجھے اپنے آپ اور سب سے کرنا ہے، ہمیں ماضی سے سبق حاصل کرنا ہو گا، 90ء کی دہائی میں پاکستان بڑا مستحکم تھا۔
یہ بھی پڑھیں: دبئی میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ یا الیکشن سے متعلق کوئی فیصلے نہیں ہوئے: رانا ثناء اللہ
وزیر اعظم نے کہا کہ مرد و خواتین کو پاکستان کی ترقی میں بھرپور حصہ لینا ہوگا، بااختیار خواتین پروگرام میں شہدا کی فیملیز کے لیے فنڈز رکھا گیا ہے، کل 12 تاریخ کو آئی ایم ایف بورڈ بیٹھے گا دعا کریں معاہدہ ہو جائے۔
اپنے خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ یہ لمحہ فکریہ ہے کہ کب تک آئی ایم ایف کے پاس جاتے رہیں گے، اگر زنجیریں توڑنی ہیں تو تمام وسائل کو بروئے کار لانا ہو گا، اللہ نے پاکستان کو بےشمار وسائل سے نوازا ہے۔