راولپنڈی، اسلام آباد میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار

Published On 07 July,2023 09:18 am

اسلام آباد: (دنیانیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے، محکمہ موسمیات نے بارش کا سلسلہ آئندہ چوبیس گھنٹے تک جاری رہنے کی پیشگوئی کردی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی اسلام آباد  میں موسلادھار بارش صبح سات بجے سے جاری ہے ، ممکنہ خطرات کے پیش نظر ریسکیو 1122 مختلف مقامات پر ہائی الرٹ ہے۔

محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ آج کشمیر، گلگت بلتستان ،خیبر پختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ مشرقی پنجاب ، شما ل مشرقی بلوچستان اور سندھ میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کی توقع ہے ۔

موسلادھار بارش کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، گوجرانوالہ،لاہور میں اربن فلڈ نگ کا بھی خدشہ ہے ۔

پنجاب کے شہروں سیالکوٹ، ساہیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، اوکاڑہ، کوہاٹ میں بھی اربن فلڈنگ کا امکان ہے ۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پشاور، بنوں ، کرک اورڈی آئی خان کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا امکان ہے جبکہ مری، گلیات،کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختو نخواہ کے پہاڑی علاقوں میں بھی لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پہاڑی علاقوں اور ملحقہ مقامی اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔

علاوہ ازیں بلوچستان کے مختلف علاقوں کوہلو، سبی، بولان، ہرنائی اور ژوب میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ، ضلع بولان میں بارش کا پانی بولان ندی میں آنے سے پنجرہ پل کے مقام پر کوئٹہ سبی شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت کئی گھنٹے بند رہی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج بلوچستان صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم ژوب، زیارت، موسیٰ خیل، بارکھان، لورالائی، قلعہ سیف اللّٰہ، کوہلو، سبی، نصیر آباد، ہرنائی، ڈیرہ بگٹی، قلات، خضدار، لسبیلہ، آوران اور خاران میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔