قرآن پاک کی بیحرمتی کیخلاف مختلف شہروں میں مظاہرے، خیبرپختونخوا بار کا ہڑتال کا اعلان

Published On 03 July,2023 10:24 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئی ہیں جبکہ خیبرپختونخوا بار کونسل نے کل ہڑتال کا اعلان کر دیا۔

خان پور میں قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف درخواستی چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے سویڈن حکومت کے خلاف نعرے بازی کی، شرقپور شریف میں بھی سویڈن کیخلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی، احتجاج کے دوران سویڈن کا پرچم نذر آتش کیا گیا، شرکاء نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر سویڈن کیخلاف نعرے درج تھے۔

یہ بھی پڑھیں: قرآن پاک کی بے حرمتی کا سویڈن حکومت بھرپور نوٹس لے: وزیر اعظم شہباز شریف

بہاولنگر میں سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف انجمن تاجران، جماعت اسلامی کے زیر اہتمام رفیق شاہ چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، اس دوران سویڈن کا پرچم بھی نذر آتش کیا گیا، مظاہرین نے قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے سویڈش حکومت سے تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔

ناپاک جسارت کیخلاف منڈی صادق گنج میں بھی احتجاج ہوا جس میں تمام مکاتب فکر کے لوگ بڑی تعداد میں شامل ہوئے، منچن آباد میں قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف لاری اڈا پر احتجاجی ریلی نکالی گئی، شرکاء نے ٹائر جلا کر مین ہائی وے روڈ بلاک کر دی، مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر سویڈن حکومت کیخلاف نعرے درج تھے، شرکاء نے سویڈش سفیر کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ کیا۔

خیبرپختونخوا بار کونسل نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کیخلاف کل ہڑتال کا اعلان کر دیا، بار کونسل کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کل بروز منگل وکلاء عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے، واقعے کیخلاف صوبہ بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔