چیچہ وطنی: (دنیا نیوز) سابق گورنر پنجاب اور آرگنائزر مسلم لیگ ق پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ پرویز الٰہی اور چودھری شجاعت کا گھریلو مسئلہ حل ہونے کے قریب ہے۔
چیچہ وطنی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ 9 مئی قومی سانحہ ہے جس کی ہم بھر پور مذمت کرتے ہیں، سانحہ 9 مئی میں ملوث افراد کو سخت سزا دینی چاہئے اور بے گناہوں کو چھوڑ دینا چاہئے۔
چودھری سرور نے کہا کہ سیاسی پارٹیوں میں ڈکٹیٹر شپ جب تک ختم نہیں ہو گی سیاست اور ملک میں جمہوریت نہیں آسکتی، جب ہم حکومت میں ہوتے ہیں تو ہماری ویلیوز اور ہوتی ہیں اور جب ہم اپوزیشن میں ہوتے ہیں تو ہماری ویلیوز اور ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بد قسمتی ہمارے ملک کی یہ ہے کہ خوشامدی ٹولہ ہمارے ارد گرد جمع ہو جاتا ہے وہ کہتے ہیں کہ باہر سب کچھ ٹھیک ہے، سب کچھ باہر ٹھیک نہیں ہوتا جس کی وجہ سے ہمارے ملک کو مسائل کا سامنا ہے، انہوں نے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی اور چودھری شجاعت حسین کا گھریلو مسئلہ حل ہونے کے قریب ہے۔