ٹوکیو: (دنیا نیوز) پاکستان اور جاپان نے دوطرفہ دیرینہ مضبوط تعلقات کے تحفظ اور فروغ کیلئے اتفاق کیا۔
پاکستان کے سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان کی جاپانی ہم منصب شیگیو یاماڈا کے ساتھ دو طرفہ سیاسی مشاورت ہوئی، دونوں فریقین نے پاکستان جاپان تعلقات کے تمام اہم پہلوؤں کا جائزہ لیا۔
مشاورت میں دیرینہ مضبوط تعلقات کے تحفظ اور فروغ کے لیے اتفاق کیا گیا، مشاورت میں علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، سیکرٹری خارجہ نے وزیر مملکت برائے خارجہ امور تاکی شونسوک اور قومی سلامتی کے مشیر تاکیو اکیبا سے بھی ملاقات کی۔
اس کے علاوہ ان کی جاپان، پاکستان ایسوسی ایشن کے صدر شون امیزومی سے بھی ملاقات ہوئی، واضح رہے کہ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری جولائی کے پہلے ہفتے میں جاپان کا دورہ کر رہے ہیں۔
— Spokesperson MoFA (@ForeignOfficePk) June 27, 2023