لاہور: (دنیا نیوز) علمائے کرام کے وفد نے جناح ہاؤس لاہور کا دورہ کیا، فوجی تنصیبات پر حملہ کرنیوالوں کو سخت سزائیں دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
اس موقع پر علمائے کرام نے کہا کہ نو مئی کو جناح ہاؤس پر ہونے والے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں، جناح ہاؤس بابائے قوم اور پاک فوج کا گھر تھا، اس پر حملہ کرنے والے ملک دشمن عناصر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب یہ سمجھتے ہیں کہ افواجِ پاکستان عالمِ اسلام کی فوج ہے، پاک فوج کی بقاء میں ملک کی بقاء ہے، ناگہانی آفات میں بھی پاک فوج کا مثالی کردارہے جو ہمہ وقت عوامی خدمت کے لیے تیار رہتے ہیں، پاکستان کے محافظ صرف وہ لوگ نہیں جو وردی پہن کر کھڑے ہیں، پاکستان کا محافظ ہر محب وطن پاکستانی ہے۔
وفد کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان جہاں پاکستان کا پرچم بلند رکھنے کی ضامن ہے ، وہیں افواجِ پاکستان اسلام کا پرچم بھی بلند رکھنے کی ضامن ہے، افواجِ پاکستان پر انگلی اٹھانے یا ایسا شرمناک اقدام کرنے سے پہلے یہ یاد رکھیئے گا کہ ہم پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔
علماء کرام کے وفد نے ملکی اثاثوں اور فوجی تنصیبات پر حملہ آور شرپسندوں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر سخت سزائیں دینے کا مطالبہ بھی کیا۔