یونان کشتی حادثے کے بعد 34 انسانی سمگلرز گرفتار، 54 مقدمات درج کر لیے گئے: ایف آئی اے

Published On 22 June,2023 07:00 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ایف آئی اے کا یونان کشتی حادثے میں ملوث سمگلروں کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے، مختلف شہروں سے 34 انسانی سمگلروں کو گرفتار کر لیا گیا۔

حادثہ میں ملوث انسانی سمگلروں کے خلاف مقدمات کی تعداد 54 ہو گئی، حادثے کے بعد سے اب تک لاہور سے 19، گجرات 7، گوجرانوالہ سے 8 انسانی سمگلرز کو حراست میں لیا گیا ہے، اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور نے 5، گجرات سرکل نے 18 اور گوجرانوالہ سرکل نے 31 مقدمات درج کیے۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق لاپتہ نوجوانوں کے خاندانوں کے ڈی این اے سیمپلز حاصل کر لئے گئے، سیمپلز حادثے میں جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی شناخت کیلئے حاصل کئے گئے ہیں، انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

لواحقین کی نشاندہی پر ٹیمیں مختلف علاقوں میں چھاپے مار رہی ہیں، سانحہ میں ملوث تمام انسانی سمگلرز کی گرفتاری تک انٹیلی جنس بنیادوں پر کریک ڈاؤن جاری رہے گا، مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے بھی موثر حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔