اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس فورس کی بہتری کیلئے تمام وسائل فراہم کیے جائیں گے، پولیس شہدا کے ورثا کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پولیس شہدا کے ورثا کے واجبات ادا کر دیئے گئے ہیں، جو قوم شہدا کی عزت نہیں کرتی وہ زندہ نہیں رہتی، نو مئی کو شرپسندوں نے شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کی، نومئی واقعات پر پوری قوم یک زبان ہو کر شرپسندوں کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی، ہمارے شہدا ہمارا فخر ہیں، شہدا کے خاندانوں کو یاد رکھنا ہمارا فرض ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کا مطالبہ تھا ان کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابر کی جائیں، اسلام آباد پولیس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابر کر دی گئی ہیں، پنجاب میں ڈولفن فورس نہ بنتی تو سٹریٹ کرائمز میں اضافہ ہو جاتا، دو ہزار نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر اسلام آباد پولیس میں بھرتی کیا گیا ہے، اسلام آباد پولیس قیام امن میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، پولیس نے 25 مئی سے لیکر 26 نومبر تک ہر دن فتنے کا مقابلہ کیا۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے مزید کہا ہے کہ 25 مئی کو فتنہ جلوس لیکر اسلام آباد حملہ آور ہونا چاہتا تھا، اسلام آباد پولیس نے فتنے کی اس کوشش کو روکا، ان کے چار سے پانچ ہزار دستے نے ڈی چوک پر رات کو قبضہ کر لیا تھا، ان کا پلان تھا ریڈ زون میں داخل ہو کر چڑھ دوڑیں گے، نو مئی کا پلان ان کے 2014 میں ذہنوں میں تھا، دھرنے میں بل جلائے گئے، سول نافرمانی 2014 سے اس کے ذہن میں تھی۔