حکومت اور ٹی ایل پی کے درمیان مذاکرات کامیاب، مارچ ختم کرنے کا اعلان

Published On 17 June,2023 01:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت اور تحریک لبیک پاکستان کے درمیان معاملات خوش اسلوبی سے طے پاگئے، مذاکرات کی کامیابی کے بعد ٹی ایل پی نے پاکستان بچاؤ مارچ ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

اسلام آباد میں ٹی ایل پی رہنما شفیق امینی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ناموس رسالت کا تحفظ ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے، ناموس رسالت کے تحفظ کیلئے مل کر طریقہ کار طے کیا ہے، توہین مذہب کی روک تھام کیلئے مشاورت سے ایک لائحہ عمل تک پہنچے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں حکومت کے قانون نافذ کرنیوالے ادارے اور تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے علماء ہوں گے جو ان چیزوں کا جائزہ لیں گے اور تحفظ ناموس رسالت کو یقینی بنائیں گے، اللہ اس مقدس کام میں ہمیں کامیابی عطا فرمائے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے پر ہر پاکستانی غمزدہ ہے، ایک بے گناہ خاتون کو نہ صرف غلط سزا دی گئی اور قید میں بھی رکھا گیا ہے، پاکستان کے حالات پر کانگریس ارکان کو خط لکھنے والے ڈاکٹر عافیہ کا معاملہ بھی دیکھیں، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا ہے، حکومت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے پر خط بھی لکھے گی۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ٹی ایل پی کا ایک مطالبہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا بھی تھا، پٹرول کی قیمتوں سے متعلق طریقہ کار ٹی ایل پی کے سامنے رکھا، اسحاق ڈار نے یقین دلایا ہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں واضح کمی آئے گی، ٹی ایل پی اور حکومت کے درمیان معاملات خوش اسلوبی سے طے پاگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ٹی ایل پی کے دوستوں کا تدبر ہے کہ انہوں نے ہمارے مؤقف کو سمجھا اور ان معاملات کر پُرامن طریقے سے حل کرنے کی اور اپنے احتجاج کو ختم کرنے کی حامی بھری، ہم نے خلوص دل سے کوشش کی کہ ان کے جذبات کو سمجھیں۔

حکومت نے ہمارے مطالبات مان لئے ہیں: شفیق امینی
اس موقع پر ٹی ایل پی رہنما شفیق امینی کا کہنا تھا کہ حکومت نے ہمارے مطالبات مان لئے ہیں، ہمارے مطالبات میں تحفظ ناموس رسالت، مہنگائی کا خاتمہ اور ڈاکٹرعافیہ کا معاملہ شامل تھا، ہم نے اپنے مطالبات کیلئے پرامن مارچ کیا۔

انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کا شکریہ کہ انہوں نے لاکھوں لوگوں کے جذبات کی قدر کی اور ہمارے مطالبات مانے گئے، غریبوں کی زندگی آسان کرنا ٹی ایل پی کا منشور ہے، ہمیں امید ہے کہ اس معاملے پر ہم آگے بڑھیں گے۔

ٹی ایل پی رہنما کا کہنا تھا کہ امید ہے ماضی کے تلخ تجربات دہرائے نہیں جائیں گے اور جو مطالبات تسلیم کئے گئے ہیں ان پر عملدرآمد کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ تحریک لبیک پاکستان کا مطالبات کے حق میں کراچی تا اسلام آباد لانگ مارچ جاری تھا جو کہ حکومت نے جہلم کے قریب روک رکھا تھا۔

حکومت اور ٹی ایل پی کے درمیان ہونیوالا معاہدہ

حکومت اور تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے۔

معاہدے کے مطابق 30 جون اور 15 جولائی کو تیل کی قیمتیں کم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

متن میں کہا گیا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی وطن واپسی کیلئے حکومت سنجیدہ اقدامات کرے گی۔

معاہدے کے متن کے مطابق یہ بھی طے پایا کہ سوشل میڈیا سے غیر مہذب مواد ہٹانے کیلئے فلٹریشن نظام لگایا جائے گا۔