اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2023 کی سرگرمیوں میں غیر ملکی مبصرین کی شرکت کو سکیورٹی کلیئرنس سے مشروط کر دیا۔
ذرائع کے مطابق عام انتخابات میں ملکی و غیر ملکی مبصرین سے متعلق پلان تیار کر لیا گیا، الیکشن کمیشن نے مبصرین سے متعلق پلان کی اصولی منظوری دے دی، جس کے مطابق عام انتخابات میں غیر ملکی مبصرین کو باضابطہ دعوت نہیں دی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق عام انتخابات کے مشاہدے کیلئے غیر ملکی مبصرین وزارت داخلہ سے سکیورٹی کلیئرنس کرائیں گے، مبصرین بیرون ملک پاکستانی مشنز میں درخواست دیں گے، وزارت داخلہ چار ہفتوں میں ایجنسیوں سے غیر ملکی مبصرین کو سکیورٹی کلیئرنس دیں گے۔
پلان کے تحت غیر ملکی مبصرین کو 90 روز تک پاکستان میں رہنے کی اجازت ہوگی، غیر ملکی مبصرین دوران الیکشن اپنے خیالات کا اظہار نہیں کر سکیں گے، انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد غیر ملکی مبصرین بیانات دے سکیں گے۔