9 مئی کی گرفتاریاں انسانی حقوق کی خلاف ورزی نہیں، وزیر انسانی حقوق

Published On 02 June,2023 07:18 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر انسانی حقوق ریاض حسین پیرزادہ نے مغربی میڈیا کی پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی رپورٹس کو مسترد کر دیا۔

وزیر انسانی حقوق ریاض حسین پیرزادہ کا کہنا ہے کہ 9 مئی کی گرفتاریاں انسانی حقوق کی خلاف ورزی نہیں، دنیا کے ہر مہذب ملک کی طرح 9 مئی کے حملہ آوروں کے خلاف کارروائی قانونی تقاضا ہے، یہ ہماری قومی سلامتی کا مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو پی ٹی آئی کے غنڈوں نے قومی و نجی املاک، حساس فوجی تنصیبات، ریاستی علامات پر حملہ کیا، مریضوں کو اتار کر ایمبولینسز کو آگ لگائی، سکول اور ہسپتال جلائے گئے، شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کی، جناح ہاؤس، ریڈیو پاکستان اور اس کا نادر تاریخی ورثہ جلایا، ان جرائم میں قانون کے مطابق یہ غنڈے زیر تفتیش ہیں اور سزا پائیں گے۔

ریاض حسین پیر زادہ نے کہا کہ پاکستان ہی نہیں دنیا کے ہر ملک میں یہ جرم ناقابل معافی ہوتا ہے، کیپیٹل ہل امریکہ اور لندن فسادات میں حملہ آوروں کو سزائیں ملیں، امریکہ اور لندن میں فسادیوں اور حملہ آوروں کو دی گئی سزاؤں کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی نہیں کہا گیا۔

وزیر انسانی حقوق کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کا مؤقف جانے بغیر مغربی میڈیا میں آنے والی خبریں غیر پیشہ وارانہ، یک طرفہ، حقائق کے برعکس اور متعصبانہ ہیں جس پر ہم قانونی چارہ جوئی کا اپنا حق محفوظ رکھتے ہیں۔