ناصر حسین شاہ نے عمران خان کی سیاست کو ٹائی ٹینک جہاز کی تباہی سے جوڑ دیا

Published On 29 May,2023 06:09 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی سیاست کو ٹائی ٹینک جہاز کی تباہی سے جوڑ دیا۔

اپنے ایک بیان میں پیپلز پارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی اور ٹائی ٹینک جہاز کے حادثات میں کافی مماثلت نظر آتی ہے، ٹائی ٹینک جہاز کا بھی وہ پہلا تجرباتی سفر تھا جس میں وہ ڈوب گیا، پی ٹی آئی کے اقتدار کا بھی یہ پہلا تجربہ تھا جس میں ان کی کشتی ڈوب گئی، عمران نیازی بھی ریٹائرڈ کپتان ہے اور ٹائی ٹینک کا کپتان بھی رائل نیوی کا ریٹائرڈ کپتان تھا۔

انہوں نے کہا کپتان ایڈورڈ سمتھ نے ٹائی ٹینک جہاز 12 اپریل 1912 میں ڈبویا، عمران نیازی نے بھی ٹھیک اپنے اقتدار کی کشتی دو دن پہلے 10 اپریل 2022 کو ڈبوئی، کپتان ایڈورڈ سمتھ نے بھی ٹائی ٹینک جہاز ڈبویا، عمران نیازی نے بھی پراجیکٹ عمران کے انجنیئر کی کشتی ڈبوئی، ٹائی ٹینک کا کپتان ایڈورڈ سمتھ ہیرو تھا جس نے مسافروں اور جہاز کے ساتھ خود کی بھی قربانی دی۔