"نوجوانوں کیلئے سپورٹس سٹی کی تعمیر" یہ فرق ہے تعمیر اور تخریب میں: احسن اقبال

Published On 27 May,2023 06:37 pm

نارووال: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سپورٹس سٹی نارووال میں کل لاہور قلندرز اور پی سی بی الیون کے درمیان نمائشی میچ کھیلا جائے گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا ہے کہ نارووال سپورٹس سٹی کی رونقیں دوبارہ بحال ہو رہی ہیں جسے عمران نیازی کی حکومت نے 4 سالوں میں بھوت بنگلے میں تبدیل کر دیا تھا، یہ منصوبہ 2013 میں مسلم لیگ (ن) نے شروع کیا لیکن عمران نیازی نے اس کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا، کرکٹ سٹیڈیم جہاں 2018 میں پاکستان کی کرکٹ ٹیم نمائشی میچ کھیل کر گئی تھی وہ چار چار فٹ سرکنڈوں کی آماجگاہ بن گیا۔

احسن اقبال نے مزید کہا ہے کہ سٹیڈیم کا انفراسٹرکچر تباہ ہو گیا، کروڑوں روپوں کی آسٹروٹرف اور اتھلیٹکس ٹریک جو عالمی معیار پر درآمد کئے گئے تھے وہ ایکسپرئر ہونے کی وجہ سے تباہ ہو گئے، کام نہ ہونے کی وجہ سے اس منصوبہ کی لاگت 3 ارب سے بڑھ کر ساڑھے 5 ارب روپے ہو گئی، ہم نے پہلے مرحلے میں کرکٹ سٹیڈیم کو بحال کرنے کا عزم کیا، اللہ کا شکر ہے اس میں ہم کامیاب ہوئے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا ہے کہ کل پاکستان کی دو مایہ ناز ٹیم کے درخشندہ ستارے نمائشی میچ کھیلیں گے، یہ نارووال سپورٹس سٹی کی بحالی کی طرف پہلا قدم ہو گا، اگلے مرحلے میں ہم سکواش کورٹ کے اندر ملکی لیول کے مقابلے کروائیں گے جس میں پاکستان کے مایہ ناز کھلاڑی اور سابقہ چیمپیئن کو بھی دعوت دی جائے گی۔

احسن اقبال نے مزید کہا ہے کہ کھیلوں کا میدان جہاں عمران نیازی نے معاشی دہشت گردی کی، وہ شخص جو خود کو کپتان اور کھلاڑی کہتا تھا، اس نے نارووال کے نوجوانوں کیلئے بنائے گئے سپورٹس سٹی کے انفراسٹرکچر کو تباہ کیا، پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں کو بہترین تربیت دینے کیلئے سپورٹس سٹی تعمیر کی یہ فرق ہے تعمیر اور تخریب میں۔