کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان میں بلدیاتی مخصوص نشستوں پر انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا گیا، شیڈول کے مطابق انتخابات 22 جون کو ہوں گے۔
صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان کے مطابق بلوچستان کے 35 اضلاع (سوائے کوئٹہ) میں ڈسٹرکٹ کونسلز خواتین، مزدور، کسان، اقلیت کی مخصوص نشستوں پر انتخابات ہوں گے، 24 مئی سے 27 مئی تک امیدوار ریٹرننگ افسران کے پاس کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔
29 مئی کو نامزد امیدواروں کے ناموں کی فہرست آویزاں کی جائے گی، 30 مئی سے 1 جون تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جائے گی، 2 سے 5 جون تک فصلوں پر اپیلیں دائر کی جا سکیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف سے گورنر بلوچستان ملک عبدالولی کاکڑ کی ملاقات
شیڈول کے مطابق 6 جون کو دائر اپیلوں پر ٹریبونل فیصلے ہوں گے، 7 جون کو امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست کی اشاعت کی جائے گی، 8 جون کوامیدوار اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔
9 جون کو امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست اور نشانات کی الاٹمنٹ کی جائے گی،22 جون کو مخصوص نشستوں پر پولنگ ہو گی۔