لاہور:(دنیا نیوز) انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ 9 مئی کا دن ملکی تاریخ کا سیاہ باب ہے، پُرتشدد واقعات میں ملوث افراد سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا، یہ کسی سیاسی پارٹی کیخلاف نہیں مسلح جتھوں کیخلاف کارروائی ہورہی ہے۔
اپنے ایک بیان میں آئی جی عثمان انور کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے بھی پُرتشدد واقعات پر گرفتاریاں کی ہیں، پنجاب میں حالات کو دیکھتے ہوئے ایکشن لیا گیا، جناح ہاؤس پر حملہ خطرناک تھا، تمام واقعات کی جیوفینسنگ کی ہے۔
انہوں نے کہا گرفتار افراد کو عدالت میں پیش کیا جائے گا، قانون اپنا راستہ خود بناتا ہے، سیف سٹی کیمروں میں تمام ویڈیو اور شواہد موجود ہیں، ابھی تک 3200 لوگ گرفتار کیے جاچکے ہیں، آئندہ وہی کیا جائے گا جو قانون میں لکھا ہے۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ شرپسند ہمارے مس گائیڈڈ لوگوں، خواتین کی آڑ میں ہنگامہ آرائی کریں یا جلاؤ گھیراؤ کریں تو ایسے میں پولیس کا گولی چلانا بہت مشکل ہوتا ہے۔