لاہور: (دنیا نیوز) ریاستی عناصر کی جانب سے ملک کو بدترین لاقانونیت اور انتشار کی جانب دھکیلنے کی کوششیں کرنے پر تحریک انصاف کے قائدین کا اہم ترین اجلاس طلب کر لیا گیا۔
زمان پارک میں ہونے والے اجلاس کی صدارت چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کریں گے، اجلاس میں حکومت کی جانب سے آئین سے انحراف اور سپریم کورٹ کے حکم نامے کو پیروں تلے روندنے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، اس کے علاوہ ملک بھر میں تحریک انصاف کے قائدین، کارکنان اور شہریوں کے خلاف غیرقانونی کریک ڈاؤن پر بھی غور کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت مجھے اور میری جماعت کو انتخابات سے باہر کرنا چاہتی ہے: عمران خان
اجلاس میں ریاستی عناصر کے ہاتھوں ماورائے قانون اقدامات کے ذریعے انسانی حقوق، چادر و چار دیواری کی پامالیوں، زیرحراست ہزاروں سیاسی قیدیوں کی صحت، سلامتی، ان سے روا رکھے جانے والے برتاؤ اور قانونی حقوق کا جائزہ لیا جائے گا، قانون سے بدترین انحراف کو فروغ دیکر ملک میں لاقانونیت کو اندازِ حکمرانی بنائے جانے کیخلاف حکمت عملی بھی مرتب کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کا ہر صورت شرپسندوں کو گرفتار کرنے کا اعلان
تمام قید کارکنوں کو قانونی معاونت کی فراہمی اور رہائی کے انتظامات کیلئے لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا، جھوٹ اور الزام تراشی کو ریاستی بیانیہ بنا کر عوام کو گمراہ کرنے کے خلاف بھرپور حکمت عملی پر بات ہو گی، پاکستان میں آئینی و سیاسی حقوق کو کچلنے کی کوششوں کی بھرپور مزاحمت کی حکمت عملی طے ہو گی، آئین کے تحفظ اور عدلیہ سے یکجہتی کی تحریک کے خدوخال بھی اجاگر کیے جائیں گے۔