اسلام آباد : ( دنیا نیوز ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان کے درمیان ملاقات ختم ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت کی پولیس لائنز کے گیسٹ ہاؤس میں بطور مہمان رکنے والے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے صدر مملکت عارف علوی نے ملاقات کی، دونوں رہنماؤں کے درمیان تقریباً تین گھنٹے تک ملاقات جاری رہی۔
ذرائع نے بتایا کہ صدر مملکت نے ملاقات کے دوران عمران خان کو ان کی گرفتاری کے بعد ملک میں پرتشدد واقعات بارے آگاہ کیا جس پر چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ عارف علوی نے عمران خان کو سینئر قائدین کی گرفتاری کے حوالے سے بھی آگاہ کیا جبکہ ملاقات میں پی ٹی آئی کی آئندہ کی حکمت عملی پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی ۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ عمران خان آج ہائیکورٹ میں کیسے پیش ہوں گے، اس بارے بھی ملاقات میں تفصیلی گفتگو ہوئی اور کسی بھی کیس میں آج گرفتاری سے بچنے کیلئے بھی پلان مرتب کیا گیا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ملاقات میں سابق وفاقی وزیر شبلی فراز ، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید اور عمران خان کی وکلاء ٹیم بھی موجود تھی۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے گزشہ روز القادر ٹرسٹ کیس میں قومی احتساب بیورو ( نیب ) کی جانب سے عمران خان کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے انہیں آج اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کا حکم دیا تھا۔
واضح رہے کہ عدالت عظمیٰ نے عمران خان کو رہا کر کے انہیں آج رات کے لیے پولیس لائنز گیسٹ ہاؤس میں بطور مہمان رکھنے کا حکم دیا تھا۔