عمران خان کو نیب نے گرفتار کیا، ہمارا نیب پر کوئی کنٹرول نہیں: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ

Published On 09 May,2023 05:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کو آج نیب نے گرفتار کیا ہے، گرفتاری قانون کے مطابق ہوئی، نیب آزاد ادارہ ہے وفاق کا نیب پر کوئی کنٹرول نہیں، میں حلفاً کہہ سکتا ہوں میری نیب کے کسی بھی افسر سے اس معاملے میں کوئی بات نہیں ہوئی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان کے خلاف درجنوں مقدمات درج ہیں، عمران خان کی گرفتاری القادر ٹرسٹ کیس میں ہوئی، یہ رقم قومی خزانے میں واپس آنا تھی، شہزاد اکبر معاملے کے درمیان میں آیا اور معاملات طے کیے گئے، 7 ارب کی پراپرٹی کی قیمت ہے، 2 ارب روپے شہزاد اکبر نےعلیحدہ سے لیے۔

یہ بھی پڑھیں: سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری پر نیب کا موقف سامنے آ گیا

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ 240 کنال بنی گالہ میں بھی القادر ٹرسٹ کے نام پر رجسٹرڈ ہوئی، پراپرٹی ٹائیکون کی رقم منی لانڈرنگ میں پکڑی گئی، القادر ٹرسٹ کی ایک پیسے کی بھی منی ٹریل نہیں دی گئی، برطانیہ کی حکومت نے پاکستان حکومت سے رابطہ کیا اور رقم منتقلی کی بات کی، قومی خزانے کو 60 ارب کا ٹیکہ لگا کر 6 ارب کی پراپرٹی اپنے نام لگوائی گئی۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ قانون کے مطابق 60 ارب روپے قوم کی امانت تھی، وکلا نے قانونی عمل میں رکاوٹ بننے کی کوشش کی، فورسز نے بڑے بیلنسڈ اور بہتر انداز میں گرفتاری عمل میں لائی، جب نواز شریف کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے تھے اسی وقت یہ چوری کر رہا تھا، توشہ خانہ کیس میں تحائف چوری کر کے بیچنے کے ثبوت موجود ہیں، قومی تحائف کو باہر لے جا کر اونے پونے داموں بیچا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: القادر ٹرسٹ کیس: نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو گرفتار کر لیا

رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ تحفے بیچنے کی جعلی رسید بنائی گئی، عمران خان کو شامل تفتیش ہونے کا کہا لیکن انہوں نے اس پر عمل نہیں کیا تو گرفتاری عمل میں لائی گئی، عمران خان کے دور میں بے گناہ لوگوں کی پکڑ دھکڑ ہوتی رہی تھی، شہزاد اکبر پریس کانفرنس کر کے نام بتاتا تھا فلاں وزیر گرفتار ہو گا تو وہ ہو جاتا تھا، اس وقت کسی نے بھی سوموٹو ایکشن نہیں لیا۔