اے ٹی سی: عمران خان کی حاضری معافی کی درخواست منظور، عبوری ضمانت میں توسیع

Published On 04 May,2023 09:07 am

لاہور: (دنیا نیوز)انسداد دہشتگردی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی اور ان کی دو مقدمات میں عبوری ضمانت میں 16 مئی تک توسیع کر دی۔

انسداد دہشتگردی عدالت میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، وکلا نے عمران خان کی حاضری معافی کی درخواست دائر کی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ عمران خان نے 9 مقدمات میں اسلام آباد ہائیکورٹ پیش ہونا ہے، استدعا ہے کہ عدالت عمران خان کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرے۔

عدالت نے عمران خان کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ان کی 2 مقدمات میں عبوری ضمانت میں 16 مئی تک توسیع کر دی۔