لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کو غیر ملکی کالم نگار کی جانب سے سابق وزیر اعظم عمران خان کی تعریف برداشت نہ ہوئی اور انہیں جواب بھی دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹ پر خلیجی ملک کے کالم نگار اور مصنف عبد اللہ العمادی نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور ترکیہ کے صدر طیب اردوان کی ہاتھ ملاتے ہوئی تصویر شیئر کی جس کے کیپشن میں انہوں نے لکھا عمران خان پاکستانی طیب اردوان ہیں۔
کالم نگار اور مصنف عبد اللہ العمادی کی ٹوئٹ پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے اپنا ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ عمران خان پاکستانی اردوان نہیں ہیں بلکہ وہ ہٹلر، فاشسٹ اور ڈیماگوگ کا پاکستانی ورژن ہے۔
Imran Khan is not Pakistani Erdogan. He is a Pakistani version of Hitler, a fascist and a demagogue.
— Ahsan Iqbal (@betterpakistan) May 1, 2023
واضح رہے کالم نگار اور مصنف عبد اللہ العمادی نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ عمران خان یا پاکستانی اردوان پاکستان میں محبوب ہیں، گیلپ کے حالیہ سروے میں ان کی مقبولیت کا گراف 61 فیصد رہا جو ان کے حریفوں سے 25 پوائنٹس آگے ہے۔
عبد اللہ العمادی نے اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھا ہے کہ کیا عمران خان کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دی جائے گی؟، عمران خان کی جیت علاقائی اور کچھ سپر پاورز کیلئے اردوان کی طرح پریشان کن ہوگی۔