پاکستانی بارڈرز پر جعلی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے استعمال کا انکشاف

Published On 17 April,2023 04:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستانی بارڈرز پر جعلی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے جس پر ڈی جی فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی ( ایف آئی اے ) نے تمام زونز کو خصوصی تحقیقات کا حکم جاری کر دیا۔

گزشتہ دو برسوں میں مشتبہ افراد نے غیر قانونی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کا استعمال کیا، غیر قانونی پاسپورٹ سے ملک میں داخل ہونے والے افراد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہو سکتے ہیں۔

ایف آئی اے کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ تمام زونز خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر جعلی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بنانے والوں کے خلاف کارروائی کریں۔

حکام ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ جعلی پاسپورٹ سے ملک میں انٹری کرنے والے افراد کو بھی ٹریس کر کے گرفتار کیا جائے۔