اسلام آباد : ( دنیا نیوز ) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کا پارلیمانی پارٹی اجلاس آج پارلیمنٹ میں طلب کر لیا گیا۔
سپریم کورٹ رولز اینڈ پروسیجرز بل کی مشترکہ اجلاس سے منظوری کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کا پارلیمانی پارٹی اجلاس آج پارلیمنٹ میں طلب کر لیا گیا ہے جس میں سینیٹرز اور اراکین اسمبلی شرکت کریں گے۔
پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج سہ پہر 4 بجے ہو گا، مشترکہ اجلاس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے حکومت کو واپس بھیجے گئے سپریم کورٹ رولز اینڈ پروسیجر بل کو دوبارہ منظور کروایا جائے گا۔
پی ٹی آئی کی جانب سے بل کی مخالفت کا فیصلہ کیا گیا ہے اور پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اس حوالے سے حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔
یاد رہے کہ قومی اسمبلی نے چند روز قبل سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل 2023 منظور کر کے توثیق کیلئے صدر پاکستان کو بھیجا تھا لیکن انہوں نے بل آئین کے آرٹیکل 75 کے تحت نظر ثانی کیلئے واپس پارلیمنٹ کو بھیج دیا تھا جس کے بعد حکومت کی جانب سے اس حوالے سے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ مشترکہ اجلاس میں سپریم کورٹ رولز اینڈ پروسیجر بل کو منظور کروانے کے بعد دوبارہ صدر کو دستخط کرانے کیلئے بھیجا جائے گا، صدر 10 روز میں اس بل پر دستخط نہیں کرتے تو یہ ازخود قانون بن کر لاگو ہو جائے گا۔