گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) ون ویلنگ کرتے ہوئے نوجوان پولیس چیک پوسٹ کے بیریئر سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں ون ویلر اور ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار جاں بحق ہو گئے۔
گوجرانوالہ میں ون ویلنگ جیسا خونی کھیل جاری ہے جسے روکنے میں ٹریفک پولیس اور پنجاب پولیس بری طرح ناکام ہے، نوجوان ٹولیوں کی شکل میں سڑکوں پر ون ویلنگ کرتے ہیں جس سے آئے روز جی ٹی روڈ پر حادثات رونما ہوتے ہیں۔
آج بھی ون ویلنگ کرتے ہوئے ایک موٹر سائیکل سوار نواب چوک کے قریب پولیس چیک پوسٹ سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں ون ویلر اور ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہو گئے۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ون ویلر کی شناخت مظفر کے نام سے ہوئی ہے جبکہ ڈیوٹی پر مامور جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکار کا نام امتیاز تھا، دونوں کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب سی پی او گوجرانوالہ کی جانب سے ون ویلرز کے خلاف بھرپور کریک ڈاون کا حکم دے دیا گیا ہے۔