اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے مشاورتی اجلاس میں کہا گیا ہے کہ مذاکرات کے دروازے بند کرنا مسئلے کا حل نہیں، پیپلز پارٹی انتخابات کے لیے آئینی مدت سے تاخیر کی حمایت نہیں کرے گی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر آصف زرداری، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے زیر صدارت پیپلز پارٹی کا مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومتی اتحادی جماعتیں سیاسی جماعتوں کے مذاکرات کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اپنائیں۔
اجلاس میں سید یوسف رضا گیلانی، سید نیئر حسین بخاری، نوید قمر، رضا ربانی، قمر زمان کائرہ، شیری رحمن، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، شازیہ عطا مری، نثار کھوڑو، محمد علی شاہ باچا، ہمایوں خان، فیصل کریم کنڈی، اخونزادہ چٹان اور فرحت اللہ بابر نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: چیف جسٹس اپنی عدالت ٹھیک نہیں کر سکتے تو عہدہ کسی اور کو دیدیں، بلاول بھٹو
پیپلز پارٹی کے مطابق موجودہ بحران کی کئی وجوہات ہیں، اقلیتی فیصلہ کی اکثریتی فیصلہ پر فوقیت بھی ایک وجہ ہے، عدلیہ کو اپنی ساکھ بحال کرنے کے لیے متضاد فیصلوں کے بحران سے نکلنا ہو گا۔
اجلاس میں کہا گیا کہ آئین میں دی گئی مدت میں تمام اسمبلیوں کے بیک وقت صاف شفاف انتخابات ہونے چاہئیں، پیپلز پارٹی انتخابات کے لیے آئین میں دی گئی مدت سے تاخیر کی حمایت نہیں کرے گی۔