اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری نے کہا ہے کہ عالمی برادری فلسطین اور بھارت میں مسلمانوں کے خلاف بربریت کا نوٹس لے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کی 8 ریاستوں میں مسلمانوں کے خلاف ریاستی تشدد کیا جا رہا ہے، اسلامو فوبیا میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے جو قابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین میں مسجد اقصیٰ میں فلسطینی عبادت گزاروں پر بربریت کی مذمتی قرار داد منظور کی گئی ہے، اس سے قبل بھی ماضی میں رمضان المبارک میں اسی طرح کی بربریت فلسطینیوں کے ساتھ روا رکھی گئی ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔
شازیہ مری نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ بھارت میں مسلمانوں پر ظلم ڈھائے جا رہے ہیں، ان کے کاروبار تباہ کئے جا رہے ہیں، ان کیلئے زمین تنگ کی جا رہی ہے، وہاں اسلامو فوبیا بڑھ رہا ہے جس کی ہم سخت مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس ایوان سے بھی کوشش کریں گے کہ بھارت تک اپنے جذبات پہنچائیں، مودی ہوش کے ناخن لے اور اسلامو فوبیا کے خلاف اقدامات بند کئے جائیں اور مسلمانوں کو تحفظ دیا جائے۔