بھارت کی وجہ سے دہشت گرد افغانستان سے پاکستان آتے ہیں: ضیاء لانگو

Published On 05 April,2023 11:06 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ بلوچستان ضیاء لانگو نے کہا ہے کہ بھارت کے اثر و رسوخ کی وجہ سے افغانستان سے دہشت گرد پاکستان میں آتے ہیں۔

دنیا نیوز کے پروگرام "آن دی فرنٹ" میں بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ ضیاء لانگو نے کہا کہ پاکستان میں 20 سالوں سے مختلف شکلوں میں دہشت گردی چلتی آئی ہے، کبھی مذہبی فرقہ واریت سے تو کبھی قوم پرستی کے نام پر دہشت گردی پھیلائی گئی، بلوچستان کے حقوق کیلئے ہم نے خود بھی ہر فورم پر بات کی، جو باتیں ریاست کیخلاف کی جاتی ہیں انہیں ماننا ممکن ہی نہیں۔

ضیاء لانگو نے کہا کہ حقوق یا مسائل کے حوالے سے جو مطالبات ہیں ان پر بات ہو تو خوش آمدید کہیں گے، ریاست مختلف ادوار میں بدامنی پھیلانے والوں سے بات کرتی رہی ہے اور ابھی بھی جاری ہے، افغانستان کے راستے دہشت گردی پاکستان میں پھیلائی گئی، افغانستان میں مضبوط حکومت نہیں ہے، وہاں مختلف ممالک کا اثر و رسوخ ہے۔

صوبائی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ہماری فورسز اور ادارے ملک میں انتخابات کرانے کیلئے تیار ہیں، معاشی مسائل سمیت دیگر ملکی مسائل کو مد نظر رکھا جا سکتا ہے، امن و امان کی وجہ سے بالکل انتخابات ملتوی نہیں ہونے چاہئیں، پنجاب اور کے پی کے میں بھی لوگ پارٹیاں بدلتے ہیں، یہ جمہوری عمل ہے، پارٹیاں بدلنے کے معاملے میں بلوچستان کی شخصیات کو زیادہ فوکس کیا جاتا ہے۔