عدل کے ایوانوں کو پیغام ہے ترازو کے پلڑے برابر کرو: وزیر قانون

Published On 05 April,2023 03:48 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ عدل کے ایوانوں کو پیغام ہے ترازو کے پلڑے برابر کرو۔

راولپنڈی میں وکلاء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پانچ رکنی بنچ میں 3 ججز نے کہا کہ پنجاب کیلئے گورنر تاریخ کا اعلان کریں، 2 ججز نے کہا کہ ہم اپنے 2 معزز ججز کی رائے سے متفق ہیں، فیصلے کے 30 منٹ میں وزیراعظم اور اٹارنی جنرل نے کہا کہ کیس ڈسمس ہو گیا، اصل میں کیس 3 کے مقابلے 4 اکثریتی ججز کی رائے سے ڈسمس ہو گیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے آرٹیکل 203 کے تحت الیکشن کیلئے 8 اکتوبر کا اعلان کیا، اس وقت بھی کہا گیا معاملہ فل کورٹ کے سامنے رکھا جائے، بجائے فل کورٹ کے چیف جسٹس نے 5 رکنی بنچ تشکیل دے دیا۔

اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہا کہ عدل کے ایوانوں کو غیور وکلاء کی طرف سے پیغام دیدیا ہے کہ ترازو کے پلڑے برابر کرو، اگر ملک کو ان بحرانوں سے نکالنا اور ترازو کے پلڑے برابر کروانے ہیں تو وہ وکلاء کروائیں گے، وکلاء کی بہبود ہمیشہ مسلم لیگ ن کی ترجیح رہی ہے۔