لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے ماسٹر پلان 2050ء پرعملدر آمد روکنے کے حکم میں 6 اپریل تک توسیع کر دی۔
لاہور ہائی کورٹ میں ماسٹر پلان 2050ء کی منظوری کے خلاف درخواستوں کی سماعت ہوئی، عدالت نے بین الاقوامی ماہرین کی خدمات لینے اور ان کی تجاویز کو ماسٹر پلان میں شامل کرنے کا حکم دے دیا۔
دوران سماعت ایل ڈی اے کے وکیل نے کہا کہ موجودہ ماسٹر پلان پرعوامی پیسہ خرچ ہوچکا ہے، جس پر عدالت نے کہا کہ آپ پی ایس ایل کیلئے اربوں روپے لگاتے ہیں، اب آپ کوعوامی پیسہ یاد آ رہا ہے، مجھےعوامی پیسہ نکلوانا آتا ہے، موجودہ ماسٹر پلان بالکل قانون کے برعکس بنایا گیا ہے۔
ایل ڈی اے کے وکیل نے ماسٹر پلان 2021ء پرعملدرآمد جاری رکھنے کاحکم دینے کی استدعا کی، جس پرفاضل جج نے کہا مجھے نہیں پتا ماسٹر پلان 2021ء آپ کا ختم ہو رہا ہے، آپ نے جو کرنا ہے جا کر کرو، عدالت نے صرف ماسٹر پلان 2050ء پرعملدرآمد روکا ہے۔
بعدازاں عدالت نے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کرتے ہوئے بین الااقوامی ماہرین سے متعلق پیشرفت کی رپورٹ طلب کرلی۔