اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ انسانیت کی فلاح و بہبود اور خدمت کرنے والے افراد خصوصی اہمیت کے حامل ہیں۔
پاکستان سویٹ ہوم کی سالانہ فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ زمرد خان بچوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، وہ بڑے جذبے کے ساتھ یہ عظیم فریضہ انجام دے رہے ہیں، زمرد خان تن تنہا وہ کام کر رہے ہیں جو ادارے کیا کرتے ہیں، دنیا میں بہت کم لوگ ایسے ہوتے ہیں جن سے اللہ تعالیٰ اپنے خاص مقصد کا کام لیتا ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ زمرد خان کا شمار ان چند شخصیات میں ہوتا جن کو اللہ تعالیٰ نے اس عظیم مقصد کے حصول کیلئے چنا ہے، اپنی زندگی کو بے سہارا لوگوں کیلئے وقف کرنا ہی اصل مقصد ہے، سویٹ ہومز کے ہونہار بچے ہمارے معاشرے کا قیمتی اثاثہ بنیں گے، مستقبل میں یہ بچے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے ضامن ثابت ہوں گے۔
انہوں نے کہا جس خوب صورت ماحول میں ان بچوں کی تعلیم و تربیت ہو رہی ہے یہ ان کی کامیابی کی ضمانت ہے، سویٹ ہومز میں تمام بنیادی سہولیات سے آراستہ ماحول کی فراہمی یقیناً قابل رشک ہے، پارلیمنٹ کے پلیٹ فارم سے سویٹ ہومز سمیت دیگر فلاحی اداروں کیلئے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتا ہوں، دنیا میں انسان نے اگر کسی مقصد کو حاصل کرنا ہے تو وہ انسانیت کی خدمت کا عظیم جذبہ ہے۔