اسلام آباد: (دنیا نیوز) بارش نے اسلام آباد کے حسن کو چار چاند لگا دیے، ابر کرم کھل کر برسا تو جل تھل ایک ہو گیا، شہر اقتدار میں بارش کا سلسلہ رات گئے تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔
مارگلہ کی سر سبز و شاداب پہاڑیوں سے اٹھکیلیاں کرتے بادل اور آسمان سے برستی چھم چھم بارش سے شہر اقتدار کا ہر منظر نکھر گیا، قدرت شہر بے مثال پر گزشتہ کئی روز سے مہربان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں 27 ملی میٹر جبکہ راولپنڈی میں 16 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، موسلا دھار بارش کے باعث دن کے درجہ حرارت میں کمی ہوئی اور فضا میں خنکی کا احساس بڑھ گیا ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کا مزید کہنا ہے کہ اتوار کے روز ملک کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، تاہم بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔