اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور سابق رکن اسمبلی ملیکہ بخاری کی اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس کے باہر پولیس اہلکاروں کے ساتھ تلخ کلامی اور زبردستی اندر جانے کی کوشش کرتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملیکہ بخاری مسلسل پولیس اہلکار کے ساتھ بحث کر رہی ہیں اور اندر جانے کی کوشش میں ہیں، اسلام آباد پولیس کا اہلکار کہتا ہے کہ آپ اندر نہیں جا سکتیں، جس پر ملیکہ بخاری کافی غصے میں آجاتی ہیں اور کہتی ہیں کہ آپ عوام کے محافظ ہیں، جس پر اہلکار جواب دیتا ہے کہ جی حفاظت ہی کر رہے ہیں۔
تم عوام کے محافظ ہو، لوگوں کو ذلیل کر رہے ہو- یہ کشمیر یا فلسطین نہیں، پاکستان ہے،@MalBokhari #چلو_چلو_عمران_کے_ساتھ
— PTI (@PTIofficial) March 18, 2023
pic.twitter.com/Yo0I7fWULr
ملیکہ بخاری نے کہا کہ آپ انٹری بلاک کر رہے ہیں، لوگوں کو ذلیل کر رہے ہیں، عمران خان کے وکلاء کو اندر نہیں جانے دے رہے، میں سابق رکن اسمبلی ہوں اور وفاقی پارلیمنٹ کی سیکرٹری لاءاینڈ جسٹس ہوں، تمیز کرو۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس اہلکار ملیکہ بخاری کی بات تحمل سے سنتا ہے اور نرم لہجے میں جواب دیتا ہے کہ اچھا میڈم لیکن آپ اندر نہیں جا سکتیں، آپ اپنے آپ کو کنٹرول کریں، جس پر ملیکہ بخاری جواب دیتی ہیں کہ تم اپنے آپ کو کنٹرول کرو، میرے ساتھ ایسے بات مت کرو، تمہاری وردی پر بیج تمیز کرنے کیلئے لگائے گئے ہیں، جس پر اہلکار کہتا ہے کہ میڈم آپ اوور ری ایکٹ کر رہی ہیں۔