نگران وزیر اعلیٰ محسن رضا نقوی کا نشتر ہسپتال ملتان کا سرپرائز دورہ

Published On 07 March,2023 09:58 pm

ملتان: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے ملتان کے نشتر ہسپتال کا سرپرائز دورہ کیا۔

ہسپتال کی انتظامیہ نگران وزیر اعلیٰ کے دورے سے لاعلم نکلی، محسن رضا نقوی نے ایمرجنسی، آئی سی یو، میڈیکل، سرجیکل وارڈز کا معائنہ کیا، اس دوران ہسپتال میں مریضوں کیلئے دستیاب سہولتوں کا بھی جائزہ لیا۔

یہ بھی پڑھیں: رمضان میں عوام کو حقیقی ریلیف دینے کیلئے قیمتوں میں کمی کا پلان بنایا جائے: محسن نقوی

محسن رضا نقوی نے تیمار داروں سے علاج معالجے کی سہولتوں بارے پوچھا اور زیر علاج مریضوں کی خیریت بھی دریافت کی، اس موقع پر نگران وزیر اعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نشتر ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولتوں کو مزید بہتر بنائیں گے۔

نگران وزیر اعلیٰ محسن رضا نے کہا اچانک دورہ کرکے زمینی حقائق سے آگاہی ہوئی، کچھ معاملات بہتر ہیں اور کچھ میں بہتری کی گنجائش ہے، بلوچستان کے لوگ بھی علاج معالجے کیلئے نشتر ہسپتال آتے ہیں، ہسپتال کی ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔