اینٹی کرپشن نے عثمان بزدار کیخلاف ڈراپ کی گئی انکوائریاں دوبارہ کھول لیں

Published On 02 March,2023 07:37 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے خلاف ڈراپ کی گئی انکوائریاں دوبارہ کھل گئیں، شیریں مزاری کیخلاف مقدمے کی تفتیش کا عمل بھی تیز کر دیا گیا۔

سردار عثمان بزدار اور ان کے بھائیوں کے خلاف درج مقدمات اور انکوائریاں ڈراپ کی گئی تھیں جسے اینٹی کرپشن نے دوبارہ کھول لیا ہے، عثمان بزدار کے خلاف ترقیاتی کاموں کے ٹھیکوں میں فرنٹ مین کے ذریعے رشوت لینے کی انکوائریاں سابق دور حکومت میں ڈراپ کر دی گئی تھیں۔

سابق وزیر اعلیٰ کے خلاف ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز کے تقرر و تبادلوں میں افسران سے بھاری رشوت لینے کی انکوائری بھی ڈراپ کی گئی تھی، اینٹی کرپشن عثمان بزدار کے خلاف ڈراپ ہونے والے مقدمات کی بجائے صرف انکوائریوں کی ازسر نو تحقیقات کرے گا۔

اس کے علاوہ پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری کے خلاف اینٹی کرپشن میں درج مقدمہ کی تفتیش کا عمل بھی تیز کر دیا گیا ہے، اینٹی کرپشن نے شیریں مزاری کا مقدمہ بھی ڈراپ کرنے کی سفارش کی تاہم عدالت نے اینٹی کرپشن کی تحقیقاتی ٹیم سے اتفاق نہیں کیا تھا۔