پی ٹی آئی اور اتحادیوں کے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کو سامنے لایا جائے، مزمل اسلم

Published On 02 March,2023 06:46 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مزمل اسلم نے کہا کہ ایک کمیشن بنا کر پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی حکومت کے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کو سامنے لایا جائے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت نے شرح سود 20 فیصد کر دی ہے، جب یہ حکومت میں آئے تو شرح سود 11 فیصد تھی، حکومت صرف 6 ہزار ارب سود کی مد میں ادا کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ڈی ایم والوں سے ہاتھ جوڑ کر کہتے ہیں استعفیٰ دیں اور گھر جائیں: حماد اظہر

انہوں نے کہا کہ اس ملک میں وسائل نہیں ہیں، آج روپے کے ساتھ مذاق ہوا ہے، ہمارے دور سے 62 فیصد ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا ہے، یہ کہتے تھے کہ ہم اس ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لیے آئے ہیں۔

مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمتیں بڑھا کر عوام پر بجلی گرائی، ایک یونٹ 45 روپے کا کر دیا گیا ہے، گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کہتا ہے کہ کچھ اینٹی پاکستانی انتشار پھیلا رہے ہیں، اینٹی پاکستانی وہ ہیں جو جن کے دور میں پٹرول 150 روپے تھا؟ ہمارے دور میں شرح سود 11.2 فیصد تھی، گیارہ ماہ میں شرح سود میں 9 فیصد اضافہ ہوا ہے، عدم اعتماد سے پہلے ڈالر کا ریٹ 178 تھا اور آج 288 پر بند ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف نے راکٹ کی سپیڈ سے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا: علی زیدی

مزمل اسلم نے مزید کہا کہ عدم اعتماد سے پہلے ڈالر 178 روپے کا تھا، ان کے دور میں 62 فیصد روپے میں گراوٹ ہو چکی ہے، 11 ماہ میں 14 ہزار300 ارب قرض بڑھ گیا ہے۔