شہباز شریف نے راکٹ کی سپیڈ سے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا: علی زیدی

Published On 02 March,2023 05:01 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی نے کہا ہے کہ شہباز سپیڈ نے راکٹ کی سپیڈ سے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی زیدی نے کہا کہ پاکستان میں معاشی تباہی ہو رہی ہے، ہم نے اسمبلی میں استعفیٰ دیا تو کہا گیا سامنے آکر دیں، ہم نے استعفے اس لیے دیئے تھے تاکہ ملک میں الیکشن ہوں، آج پاکستان کی معیشت کیلئے سیاہ دن ہے، رجیم چینج کے بعد پاکستان میں معاشی تباہی جاری ہے، شوکت ترین نے جنرل (ر) باجوہ کو سمجھایا تھا عدم استحکام ہوا تو معیشت سنبھالی نہیں جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے شرح سود میں 3 فیصد اضافہ کر دیا

سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ اس وقت سب کو شہباز شریف کی راکٹ سپیڈ چڑھی ہوئی تھی، اچھی خاصی معیشت چل رہی تھی ان کے اڑتے تیر نے بیڑہ غرق کر دیا، الیکشن میں پی ڈی ایم کا انتخابی نشان ’اڑتا تیر‘ ہوگا، عبدالقادر پٹیل نے ایک کروڑ روپے بیرون ملک دوروں پر خرچ کیے، جونیئر زرداری دنیا میں گھومنے کی ہاف سنچری مکمل کر چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: روپے کی بے قدری، ڈالرتاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

علی زیدی نے مزید کہا کہ بلاول نے صرف امریکا کے 11 دورے کیے ہیں، بلاول زرداری ڈھائی ارب روپے بیرون ملک دوروں پر خرچ کر چکے ہیں، بلاول بتائیں بیرون ملک دوروں پر کیسے خرچہ کیا؟، بلاول زرداری ورلڈ ٹور پر نکلے ہوئے ہیں، یہ پلان کے مطابق پاکستان کو ڈیفالٹ کرانا چاہتے ہیں، پھر یہ کہیں گے ہمارے پاس الیکشن کرانے کے پیسے نہیں۔