زمان پارک: پی ٹی آئی کارکنان اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان تصادم

Published On 28 February,2023 03:03 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنان اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں کے درمیان عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک کے باہر سے بینرز اتارنے پر تصادم ہوا ہے۔

زمان پارک میں عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر اس وقت ہنگامہ آرائی کی صورت حال پیدا ہوئی جب ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں بینرز اتارنے کیلئے پہنچیں، اس دوران تحریک انصاف کے کارکنان بھی وہاں ڈنڈے لے کر پہنچ گئے۔

تحریک انصاف کے کارکنوں نے بینرز اتارنے کیلئے آنے والی ٹیموں پر حملہ کر دیا، جوشیلے کارکنان کی جانب سے بینر اتارنے والی ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں پر ڈنڈے برسائے گئے، ضلعی انتظامیہ نے سڑک پر موجود کرسیاں گاڑیوں میں لوڈ کیں جنہیں کارکنان نے نیچے اتار لیا۔

کارکنان اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں کے درمیان ہنگامہ آرائی کے باعث کینال روڈ اور ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک سست روی کا شکار ہوگئی۔