اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف اقدامِ قتل کے کیس کی سماعت میں 12 بجے تک وقفہ کر دیا گیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں عمران خان کے خلاف اقدامِ قتل کے کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سردار مصروف ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کی عدالت میں پیش ہوگئے۔
جج نے چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سے استفسار کیا کہ عمران خان عدالت کب تک آئیں گے؟
وکیل سردار مصروف نے بتایا کہ عمران خان لاہور سے نکل چکے ہیں، وہ براستہ سڑک اسلام آباد آ رہے ہیں۔
انہوں نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد میں عمران خان پہلے بینکنگ کورٹ جائیں گے، پھر کچہری آئیں گے، ان سے رابطہ نہیں ہو پا رہا، کچہری میں پیش ہونے کا ایک وقت نہیں بتا سکتا، تاہم وہ عدالتی وقت کے اندر کچہری میں پیش ہو جائیں گے۔
مدعی کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ایک وقت دے دیں، ہم آپ کا انتظار نہیں کر سکتے۔
اسلام آباد کی سیشن عدالت نے سماعت میں 12 بجے تک وقفہ کر دیا۔