نئے چیئرمین نیب کی تعیناتی کاعمل روکنےکیلئے درخواست دائر

Published On 27 February,2023 10:45 am

لاہور: (دنیا نیوز) نئے چیئرمین نیب کی تعیناتی کاعمل روکنے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کر دی گئی۔

لاہور ہائی کورٹ میں دائر متفرق درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ چیئرمین نیب نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے، قانون کے مطابق چیئرمین نیب کی تعیناتی کے لیے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سے مشاورت ہونی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ راجہ ریاض قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نہیں ہو سکتے، حکومت راجہ ریاض سے مشاورت کر کے مرضی کا چیئرمین نیب لگانا چاہتی ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے قومی اسمبلی میں راجہ ریاض کی بطور اپوزیشن لیڈر تعیناتی عدالت میں چیلنج کر رکھی ہے، اپوزیشن لیڈر پر فیصلہ ہونے تک نئے چیئرمین نیب کی تعیناتی کاعمل روکنے کا حکم دیا جائے۔

آفتاب سلطان کا استعفیٰ
گزشتہ ہفتے آفتاب سلطان نے چیئرمین نیب کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، اپنے استعفے میں انہوں نے عہدہ چھوڑنے کی وجہ ذاتی معاملات بتائی تھی۔

آفتاب سلطان نے نیب افسران سے اپنے الوداعی خطاب میں کہا تھا کہ میں نے اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا، میں کسی کے خلاف جھوٹا مقدمہ نہیں چلا سکتا، نہ کسی کے خلاف قائم ریفرنس محض اس بنیاد پر ختم کر سکتا ہوں کہ ملزم کسی بڑی شخصیت کا رشتہ دار ہے۔