جیل بھرو تحریک : پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت ، درجنوں کارکن کوٹ لکھپت جیل منتقل

Published On 23 February,2023 04:43 am

لاہور : ( دنیا نیوز ) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی جیل بھرو تحریک کا آغاز صوبائی دارالحکومت سے ہو چکا ہے، تحریک کے پہلے روز پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی ، جنرل سیکرٹری اسد عمر سمیت کئی رہنماؤں اور 80 سے زائد کارکنوں نے رضاکارانہ گرفتاریاں پیش کیں، گرفتاری دینے والے رہنماؤں اور کارکنان کو کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا۔

گزشتہ روز پی ٹی آئی کی جانب سے پارٹی کے صوبائی دفتر میں تقریب کے دوران رہنماؤں اور کارکنوں کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور پھر تمام رہنما جیل روڈ سے ریلی کی شکل میں گرفتاریاں دینے کے لئے مال روڈ پہنچے ، شاہ محمود قریشی نے مال روڈ کے بجائے کیپٹل سٹی پولیس آفیسر ( سی سی پی او ) آفس کے باہر گرفتاری دینے کا اعلان کیا تاہم وہ جونہی کنٹینر سے اترے تو پولیس نےان کو تحویل میں لے لیا۔

بعدازاں اسد عمر ، سینیٹر اعظم سواتی ،سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ ، سینیٹر ولید اقبال ، محمد خان مدنی اوردیگر نے گرفتاری پیش کی۔

قیادت کی جانب سے گرفتاریاں دینے کے بعد سینکڑوں کی تعداد میں کارکن خود قیدیوں کی وین کے اندر داخل ہوئے اور کچھ چھت پر سوار ہو گئے ، رضا کارانہ گرفتاریاں دینے والے کارکن نعرے بازی بھی کرتے رہے ، اس دوران پولیس نے پارٹی رہنما زبیر خان نیازی کو بھی گرفتارکرلیا، تاہم سیخ پا کارکنوں نے انہیں پولیس سے چھڑ والیا۔

چند سیخ پا کارکنوں نے پولیس گاڑی کی بھی توڑ پھوڑ کی جس پر پولیس نے پارٹی رہنما عباد فاروق کو گرفتار کر لیا۔

پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے فوکل پرسن برائے سوشل میڈیا اظہر مشوانی کو بھی گرفتار کیا مگر بعدازاں انہیں رہا کر دیا گیا ، انہوں نے اپنی رہائی کی تصدیق اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے کی۔

دوسری جانب پارٹی رہنما فواد چودھری نے دعویٰ کیا کہ پولیس نے پانچ سے سات سو کارکنوں کو گرفتارکرلیا ہے۔