صدر پاکستان کے پاس الیکشن کرانے کا اختیار نہیں ہے: گورنر خیبرپختونخوا

Published On 20 February,2023 06:14 pm

پشاور: (دنیا نیوز) گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ صدر پاکستان کے پاس الیکشن کرانے کا اختیار نہیں ہے، کل سکیورٹی سے متعلق اجلاس کے بعد اس حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔

گورنر خیبرپختونخوا، آئی جی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ جب پشاور سانحہ ہوا تو میں ترکیہ میں موجود تھا، پاکستان بڑے عرصے سے دہشت گردی کا شکار ہے، خیبر پختونخوا فرنٹ لائن میں دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کررہا ہوں۔

کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ آج بھی کے پی پولیس شہادتیں دینے کیلئے تیار ہیں، ہم دشمن قوتوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے، سندھ کی جانب سے خیبر پختونخوا کے بھائیوں کیلئے آیا ہوں، کراچی میں عوامی گورنر ہوں اور خیبر پختونخوا میں سپر عوامی گورنر ہے، یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ پاکستان کو بچانے کا ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کو معاشی اور دہشت گردی جیسے بحرانوں کا چیلنج ہے، پی ٹی آئی سے کہتا ہوں سیاست چھوڑیں اور پاکستان بچائیں، پاکستان پر را کی 20 سالہ سرمایہ کاری ہے، ایسے واقعات کا فائدہ پڑوسی ملک کو ہو رہا ہے، پڑوسی ملک نہیں چاہتا کہ پاکستان آگے بڑھے، کراچی واقعات کی تحقیقات میں پیش رفت کے حوالے سے دو دن میں پریس کو بریف کیا جائے گا۔