اسلام آباد: (دنیا نیوز) آڈیو لیکس کے معاملہ پر پاکستان بار کونسل نے سپریم کورٹ کے جسٹس مظاہر نقوی سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا۔
وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل ہارون الرشید ایڈووکیٹ نے کہا کہ جج کی سیاست دان کے ساتھ ٹیلی فون کال سامنے آنے پر انہیں فوری مستعفی ہوجانا چاہئے، جسٹس مظاہر نقوی کے خلاف ریفرنس بھی دائر کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پرویز الٰہی کی آڈیو لیک: ایف آئی اے نے باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی
انہوں نے کہا کہ جسٹس مظاہر نقوی کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کے لیے پاکستان بار کونسل کا اجلاس 21 فروری کو طلب کر لیا، پاکستان بار کونسل 23 فروری کو باقاعدہ پریس کانفرنس میں اہم اعلان کرے گی، پاکستان بار کونسل نے آڈیو لیکس پر چیف جسٹس آف پاکستان سے تحقیقات کا بھی مطالبہ کر دیا۔
پاکستان بار کونسل نے مطالبہ کیا کہ چیف جسٹس مخصوص جج کے سامنے مقدمہ مقرر کے معاملے کی چھان بین کرائیں، مبینہ آڈیو درست ثابت ہونے کی صورت میں متعلقہ جج کیخلاف آرٹیکل 209 کے تحت کارروائی کی جائے۔
پاکستان بار کونسل کے مطابق آڈیو جعلی ہونے کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے، ججز کا امیج ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ کسی سیاسی جماعت کے ترجمان لگیں، ججز کا امیج غیرجانبدار ہونا چاہیے نہ کہ پراسیکیوٹرز، یا درخواست گزاروں جیسا۔