حفاظتی ضمانت کا معاملہ، لاہور ہائیکورٹ کا عمران خان کو پیش ہونے کا حکم

Published On 16 February,2023 09:59 am

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو پیش ہونے حکم دیتے ہوئے سماعت 2 بجے تک ملتوی کر دی۔

 جسٹس طارق سلیم شیخ حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت رہے ہیں، عمران خان کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے اپنا وکالت نامہ عدالت میں جمع کروایا۔

یہ بھی پڑھیں: حفاظتی ضمانت کی درخواست، ہائیکورٹ کی عمران خان کو کل تک پیش ہونے کی مہلت

 وکیل عمران خان نے عدالت سے کہا کہ ڈاکٹرز سے ملاقات جاری ہے اور سکیورٹی کے حوالے سے پارٹی کے تحفظات بھی موجود ہیں، 2 گھنٹے میں پوری کوشش ہے کہ عمران خان عدالت پہنچ جائیں جس پر عدالت نے سماعت میں وقفہ کر دیا۔

  یہ بھی پڑھیں: انسداد دہشتگردی عدالت نے عمران خان کی عبوری ضمانت خارج کردی

دوبارہ سماعت کے آغاز پر وکیل عمران خان نے کہا کہ ابھی مشاورت کا عمل جاری ہے، ہمیں 1 گھنٹے کا وقت مزید چاہیے۔

عدالت نے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا اب عمران خان پیش ہوں گے؟، اس پر عمران خان کے وکیل نے کہا کہ اسی پر مشاورت ہو رہی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے مزید عدالتی کارروائی 2 بجے تک ملتوی کر دی۔

خیال رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے گزشتہ روز عمران خان کو پیش نہ ہونے پر حفاظتی ضمانت دینے سے انکار کیا تھا، عدالت کی جانب سے عمران خان کے وکلاء کو آج تک کی مہلت فراہم کی گئی تھی۔

قبل ازیں بدھ کے روز اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے عدم پیشی پر سابق وزیراعظم عمران خان کی عبوری ضمانت منسوخ کر دی تھی جس کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی نے حفاظتی ضمانت کیلئے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔