الیکشن وقت پر نہ ہوا تو ہر حد تک جائیں گے: تحریک انصاف کا اعلان

Published On 14 February,2023 06:06 pm

لاہور: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ الیکشن وقت پر نہیں ہو گا تو آئین کے دفاع کیلئے ہر حد تک جائیں گے، ہم پورے ملک میں جیل بھرو تحریک چلائیں گے، جیل بھرو تحریک میں صرف ورکرز نہیں بڑے بڑے لیڈر بھی گرفتاریاں دیں گے۔

لاہور میں فواد چودھری اور حماد اظہر کے ساتھ پریس کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو 4 روز گزر گئے ہیں، عدالت نے دو ٹوک کہا تھا کہ 90 دن کے اندر الیکشن کرانے ہیں، گورنر نے تاحال الیکشن کا اعلان نہیں کیا، پوری قوم دیکھ رہی ہے امپورٹڈ حکومت الیکشن سے بھاگ رہی ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ الیکشن سے بھاگنے کیلئے آئین توڑ رہے ہیں، اسی خطرے کے خدشے سے ہم نے آگاہ کیا تھا، حکومت اور ان کے ہمدرد کسی صورت الیکشن نہیں دیکھنا چاہتے، ان کو پتا ہے قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہو گئی ہے، الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داری پوری نہیں کر رہا، ایک آئینی ماہر نے کہا اس معاملے پر چیف الیکشن کمشنر کی گرفتاری بنتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نواز اور چیف الیکشن کمشنر عدلیہ کے خلاف مہم چلا رہے ہیں: فواد چودھری

اسد عمر نے مزید کہا کہ آئین کو توڑنے سے بڑا کوئی جرم نہیں ہو سکتا، اب پی ڈی ایم والوں نے بیان دینا چھوڑ دیئے ہیں، قانونی ماہرین کے مطابق آئین سے انحراف کی سزا غداری کے برابر ہے، بغیر وقت ضائع کیے عدالت کے حکم پر فوری الیکشن کا اعلان کیا جائے، پاکستان کا آئین خطرے میں ہے، آئینی بحران پیدا ہو چکا ہے، الیکشن نہ کرا کر بہت بڑا جرم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئین سے انحراف کا گورنر کو کوئی استشنیٰ نہیں ہے، جسٹس منیر، مولوی تمیزالدین والے دور گزر گئے، ہمیں عدلیہ سے انصاف کی امید ہے، عدالت یقیناً آئین کے دفاع کیلئے کھڑی ہو گی، ہم آئین کا دفاع کریں گے امپورٹڈ حکومت کو گھسیٹ کر بیلٹ پیپر تک لیکر جائیں گے۔