کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت کیلئے دن رات کوشاں ہیں، بلوچستان میں تمام شعبوں میں اصلاحات کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ لوکل باڈی الیکشن میں کسی جماعت نے انگلی نہیں اٹھائی، سپورٹ کرنے والی تمام پارٹیوں کا شکر گزار ہوں، اتنا کمزور نہیں ہوں، استعفیٰ نہیں دوں گا، ہمت نہیں ہاروں گا، مشکلات کا سامنا کروں گا، مشکلات اللہ کی طرف سے آتی ہیں، میں نے کہا تھا جوڈیشری اپنا کام نہیں کر رہی، عدلیہ اور باقی اداروں کی طرف سے مشکلات آ رہی ہیں۔
عبدالقدوس بزنجو نے کہا شائد الیکشن میں بھی حصہ نہ لوں، کافی دنوں سے سوچ رہا تھا اس کرسی پر رہوں گا یا نہیں، الیکشن کمیشن کے گوشواروں میں الیکشن اخراجات پر جھوٹ بولا جاتا ہے، الیکشن میں کوئی بھی 10 سے 15 کروڑ سے کم خرچ نہیں کرتا، تمام مسائل کا ملبہ سیاست دانوں پر ڈالا جاتا ہے، ووٹرز دن رات محنت کر کے ہمیں اقتدار تک پہنچاتے ہیں، سیاست دانوں کی کوئی تعریف نہیں کرتا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا سسٹم میں بہت خامیاں اور مشکلات بہت زیادہ ہیں، سیلاب ہمارے لیے بہت بڑا امتحان تھا، سیلاب کے دوران میں نے فوٹو شاپ پر زیادہ توجہ نہیں دی، سیلاب ایک ضلع نہیں پورے بلوچستان میں آیا تھا، فیصلہ کیا تھا سیلاب کے دوران کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلائیں گے، صرف اللہ کے آگے پھیلائیں گے، محدود وسائل کے باوجود سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کی۔