ایپکس کمیٹی بلوچستان کا اجلاس، دہشتگردی کی روک تھام بارے اہم فیصلے

Published On 06 February,2023 10:11 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کے زیر صدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبے میں امن و امان کے قیام، دہشتگردی کی روک تھام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم نے اجلاس کونیشنل ایکشن پلان کے تناظر میں ایپکس کمیٹی کے بارہویں اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کی پیشرفت پر تفصیلات سے آگاہ کیا، اجلاس میں پولیس، سی ٹی ڈی اور سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی کارکردگی اور استعداد کار میں اضافےکا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں منشیات، انسانی سمگلنگ اور غیر قانونی اسلحہ کے خلاف کاروائیوں کو مزید موثر بنانے کا فیصلہ ہوا، قومی شاہراہوں پر ہونے والے حادثات پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور مجرمانہ فعل کے مرتکب ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو کی ہدایت کی روشنی میں قومی شاہراہوں پر غیر ضروری چیک پوسٹوں کے فوری خاتمے اور بی ایریا میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے لیویز فورس کے کردار میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: گندم اور آٹا ذخیرہ کرنے، مہنگا بیچنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا حکم

وزیر اعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو نے ہدایت کی کہ دہشت گرد عناصر، ان کے سرپرستوں اور دہشت گردی کی نرسریوں کو بھی ختم کیا جائے، انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لئے قبائلی، سیاسی اور سماجی عمائدین کو اعتماد میں لے کر ان کا تعاون حاصل کیا جائے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہم عوام کے جان و مال کے تحفظ کے ذمہ دار ہیں اور اللہ کو جوابدہ ہیں، ہمیں اپنی یہ ذمہ داریاں ہر صورت ادا کرنی ہیں۔