رجیم چینج سہولت کاروں نے 11 سو ارب کی کرپشن کے کیسز ختم کرائے، قاسم سوری

Published On 08 February,2023 04:58 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما قاسم سوری نے کہا ہے کہ غیر ملکی ایما پر منتخب حکومت ہٹائی گئی، رجیم چینج سہولت کاروں نے گیارہ سو ارب کی کرپشن کے کیسز ختم کرائے۔

این اے 265 کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کو تبدیل کرنے کے بعد خوف کے باعث استعفے قبول ہو گئے، فوری طور پر عام انتخابات کا اعلان کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت تباہ اور مہنگائی بڑھ رہی ہے، آئی ایم ایف کی شرائط مان کر اضافی ٹیکس لگائے جائیں گے، پنجاب اور کے پی کے اسمبلیوں کے انتخابات کا اعلان نہیں کرایا جا رہا، این اے 265 میں مخالفین کو عبرت ناک شکست دیں گے، ہمارے دور میں دہشتگردی نہیں تھی، پشاور میں سو سے زائد لوگ شہید ہو گئے۔

قاسم سوری نے کہا کہ وقت کے حساب سے ہمارے استعفیٰ کا فیصلہ درست تھا، ایک ارب سے زائد کا گیس منصوبہ کوئٹہ میں لایا، اپنے حلقے میں یونیورسٹی اور دل کا ہسپتال بنایا۔