کراچی: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ میری معلومات کے مطابق پولیس آفیسر کو تھپڑ مارنے والی خاتون گرفتار ہو چکی ہیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ یہ ایک غلط روایت ہے اس پر سخت ایکشن لینا چاہیے ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ کوئی اپنے اسٹیٹس کا فائدہ اٹھائے اور پولیس والوں پر ہاتھ اٹھائے اگر اس پر کارروائی نہ ہوئی تو یہ روایت چل نکلے گی جو غلط ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے مزید کہا کہ مشرف انتقال کر گئے ہیں، اب مناسب نہیں کہ ان پر بات کی جائے، آج تک کراچی کی کسی یوسی کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا ہے، گیارہ نشستوں پر الیکشن کروائیں گے، اس کے بعد میئر کا الیکشن ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ بات درست نہیں ہے، ہاؤس مکمل ہونے سے مراد مخصوص نشستوں سے ہوتا ہے یہ ایک خطرناک روایت ہوسکتی ہے جو الیکشن کمیشن کیلئے بھی خطرناک ہو گی جو الیکشن ہو چکے ہیں اس پر مخصوص نشستوں اور میئر و چیئرمین کے انتخابات ہو جانے چاہئیں۔