لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ سید محسن رضا نقوی نے کہا ہے کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں پیشنٹ آڈٹ کیا جائے گا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے پیشنٹ آڈٹ کیلئے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پیشنٹ آڈٹ کا کام جتنی جلدی ہوسکے مکمل کر کے رپورٹ پیش کی جائے، پیشنٹ آڈٹ سے مریضوں کی صحت کی جانچ پڑتال کی جائے گی جس کے بعد صحت مند مریضوں کی گھروں میں واپسی کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔
محسن رضا نقوی نے مزید کہا کہ صحت یاب مریضوں کی گھروں میں واپسی ایک قومی اور سماجی ذمہ داری ہے، ان کو دیگر مریضوں کے ساتھ رکھنا کسی طور مناسب نہیں، پنجاب حکومت نے اسی مقصد کے پیش نظر پیشنٹ آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کے حالیہ دورے کے دوران صحت یاب مریضوں نے گھر بھجوانے کی درخواست کی تھی، آخر میں محسن رضا نقوی نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کے بورڈ کو بھی ازسرنو تشکیل دینے کا عندیہ دے دیا۔